نظریے سے سماجی تعمیر تک کے مراحل - بصیرت افروز
×



  • قرآنیات

  • مرکزی صفحہ

  • سیرۃ النبی

  • تاریخ

  • فکرو فلسفہ

  • سیاسیات

  • معاشیات

  • سماجیات

  • اخلاقیات

  • ادبیات

  • سرگزشت جہاں

  • شخصیات

  • اقتباسات

  • منتخب تحاریر

  • مہمان کالمز

  • تبصرہ کتب

  • نظریے سے سماجی تعمیر تک کے مراحل

    کسی بھی سماج کے مستقبل کا تعین وہاں کا فکر،و فلسفہ یا نظریہ کرتا ہے۔ دنیا میں جن اقوام نے نئے سماج کی بنیاد رکھی، ان کا سفر کسی نہ کسی فکر یا نظریے سے

    By Zubair Iqbal Published on Jun 10, 2026 Views 40

    نظریے سے سماجی تعمیر تک کے مراحل 

    تحریر؛ زبیر اقبال۔ راولپنڈی 

     

    کسی بھی سماج کے مستقبل کا تعین وہاں کا فکر،و فلسفہ یا نظریہ کرتا ہے۔ دنیا میں جن اقوام نے نئے سماج کی بنیاد رکھی، ان کا سفر کسی نہ کسی فکر یا نظریے سے شروع ہوا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ اس نے ایک عملی شکل اختیار کی۔

    پہلا مرحلہ؛ کسی بھی سماج کی تشکیل کے لیے سب سے پہلے ایک اصول، ایک سوچ یا ایک نظریے کا ہونا ضروری ہے۔ مثال کے طور پر:

    عدل و انصاف

    معاشی خوش حالی

    امن و امان

    آزادی

    عزتِ نفس اور جان و مال کا تحفظ

    قانون کی پاسداری

    یہ سب اصول کے درجے کی چیزیں ہیں،لیکن یہ تمام چیزیں محض کھوکھلے نعروں یا دلکش الفاظ سے ثابت نہیں ہوسکتیں، اگر ان کی بنیاد پر ایک مکمل نظام قائم کرنے کی سوچ موجود نہ ہو۔

    دوسرا مرحلہ؛ کسی بھی تبدیلی کا یہ پہلا مرحلہ (اصول، نظریہ یا فکر) ہوتی ہے، لیکن اگر ان اصولوں کو عملی جامہ پہنانا ہو تو ان اقدار کو قوانین اور ضوابط میں ڈھالنا پڑتا ہےاور یہ دوسرے درجے کی چیزیں ہیں۔مثال کے طور پر اگر اصول یہ کہے:

    بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب تمام لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے“۔

    تو اس کے مطابق ایک قانون یہ بن سکتا ہے:

    ایک جیسی تعلیم اور صلاحیت رکھنے والے افراد کو شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقے سے ملازمت دی جائے“۔

    جب اس طرح کے قوانین معاشرے کے مختلف شعبوں میں بنتے اور نافذ ہوتے ہیں تو وہاں کے اصول اور نظریات مزید مضبوط ہوجاتے ہیں۔

    تیسرا مرحلہ؛  ان اصولوں کی پختگی کے لیے اداروں کا قیام ہے، جو مختلف شعبوں میں قوانین اور ضوابط کو نافذ کرنے کا کام کرتے ہیں۔مثال کے طور پر:

    عدل و انصاف کے لیے عدالتیں بنانا

    امن و امان کے لیے پولیس اور فوج کے ادارے قائم کرنا

    تعلیم کے لیے سکول اور کالج کا نظام بنانا

    اگر یہ ادارے اپنا اپنا کام نہ کریں تو یہ تمام قوانین محض کاغذ کے چند ٹکڑوں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔

    چوتھا مرحلہ؛  یہ ہے کہ اگر معاشرے کے یہ ادارے ایک طویل عرصے تک ان قوانین کو مؤثر طریقے سے نافذ کرتے رہیں تو وہ قوانین آہستہ آہستہ اس قوم کی ثقافت اور اجتماعی عادات کا حصہ بن جاتے ہیں، لیکن اگر کسی سماج کے لوگ صرف خوف یا سزا کے ڈر سے قوانین پر عمل کرتے ہوں تو ایسا نظام کمزور ہوجاتا ہے۔ایک مضبوط نظام اس وقت وجود میں آتا ہے جب لوگ یہ یقین کرنے لگیں کہ اصل میں نظام ایسے کام کرتا ہے۔جس سے ماحول میں لوگوں کی عادات اور اقدار بھی بدلنے لگتی ہیں۔ ایسے معاشرے میں لوگ:

    قطار نہیں توڑیں گے

    کھوئی ہوئی چیز خود واپس کریں گے

    رشوت لینے سے انکار کریں گے

    بغیر کسی نگرانی کے بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کریں گے

    پانچواں مرحلہ؛یہ ہے کہ ایسی ثقافت وقت کے ساتھ خود کو برقرار رکھنا شروع کر دیتی ہے۔ بالآخر یہ اخلاقیات اور اقدار عام رویے بن جاتی ہیں کیوں کہ:

    بچوں کو والدین سکھاتے ہیں اور تربیت کرتے ہیں۔

    سکول اور کالج تعلیم سکھانے کے ساتھ ساتھ شعور بھی پیدا کرتے ہیں۔

    میڈیا اور مواصلاتی ادارے درست سمت متعین کرتےہیں۔

     یوں ایک معاشرہ اپنی بقا کا سامان خود پیدا کرنے لگتا ہے۔

    اگر ہم پورے سماج کو ایک تعمیر شدہ گھر سے تشبیہ دیں تو اصول اور نظریہ اس گھر کا ڈیزائن ہیں۔ یہ وہ مرحلہ ہوتا ہے جہاں آپ فیصلہ کرتے ہیں کہ گھر کیسا ہونا چاہیے۔ اس کا تعلق خوب صورتی، سہولت اور مقصد سے ہوتا ہے۔

    اس کے بعد قوانین و ضوابط اس گھر کے نقشے کی مانند ہوتے ہیں۔ جب ایک خوب صورت تصور حقیقت میں تبدیل کرنا ہو تو ایک تفصیلی نقشہ تیار کیا جاتا ہے، جس میں ایک ایک انچ کا حساب موجود ہوتا ہے۔

    ادارے اس گھر کا بنیادی ڈھانچہ ہوتے ہیں، جن پر پورا گھر کھڑا ہوتا ہے۔ ان کا تعلق خوب صورتی سے نہیں، بلکہ مضبوطی اور وزن اُٹھانے کی صلاحیت سے ہوتا ہے، تاکہ گھر زلزلوں اور طوفانوں میں بھی قائم رہ سکے۔

    اور اگر اسی مثال کو آگے بڑھائیں تو عادات و اطوار اس گھر کی دیکھ بھال یا maintenance کی مانند ہیں۔

    اگر ایک خوب صورت اور مضبوط گھر کی بروقت دیکھ بھال نہ کی جائے تو وہ آہستہ آہستہ خستہ حال ہونے لگتا ہے، یہاں تک کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب وہ رہنے کے قابل نہیں رہتا۔

    ایک پرانی عمارت کو گرانا اتنا مشکل نہیں ہوتا، جتنا اس کی جگہ ایک نئی، مضبوط اور پائیدار عمارت تعمیر کرنا ہوتا ہے۔اسی طرح لوگوں کو اکٹھا کرنا اور ایک فرسودہ نظام کو ختم کرنا شاید اتنا مشکل نہ ہو، جتنا مشکل نئے نظریات کو ایسے جامع نظام میں ڈھالنا ہوتا ہے جو صرف چند سال نہیں، بلکہ صدیوں تک قائم رہ سکے۔

    Share via Whatsapp