سیرتِ نبوی ﷺ: حُسنِ اخلاق سے سماجی تبدیلی تک - بصیرت افروز
×



  • قرآنیات

  • مرکزی صفحہ

  • سیرۃ النبی

  • تاریخ

  • فکرو فلسفہ

  • سیاسیات

  • معاشیات

  • سماجیات

  • اخلاقیات

  • ادبیات

  • سرگزشت جہاں

  • شخصیات

  • اقتباسات

  • منتخب تحاریر

  • مہمان کالمز

  • تبصرہ کتب

  • سیرتِ نبوی ﷺ: حُسنِ اخلاق سے سماجی تبدیلی تک

    حضور نبی اکرم ﷺ مکہ مکرمہ کے ایسے فرسودہ نظام میں تشریف لا ئے، جہاں جہالت اور بے شعوری کا یہ عالم تھا کہ اگر لوگوں کے درمیان کسی بھی بات پر جھگڑا ....

    By غلام حسین Published on Sep 15, 2026 Views 74
    سیرتِ نبوی ﷺ: حُسنِ اخلاق سے سماجی تبدیلی  تک
    تحریر؛ غلام حسین (لاڑکانہ) 

    حضور نبی اکرم ﷺ مکہ مکرمہ کے ایسے فرسودہ نظام میں تشریف لا ئے، جہاں جہالت اور بے شعوری کا یہ عالم تھا کہ اگر لوگوں کے درمیان کسی بھی بات پر جھگڑا ہو جاتا تو وہ ایک دو سال نہیں، بلکہ دھائیوں تک چلتا رہتا۔ جہالت اس قدر عام تھی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے اور بیٹی کی پیدائش کو اپنے لیے باعثِ عار اور عیب سمجھتے تھے۔ 
    حضور نبی کریمﷺعرب کے ایسے معاشرے میں تشریف لائے، جہاں شعور و آگہی کے فقدان کے باعث پورے عرب معاشرے پر جہالت اور پس ماندگی کے سیاہ بادل چھائے ہوئے تھے۔ عرب معاشرہ تقریباً ہر حوالے سے پس ماندگی کا شکار تھا۔ مثلاً اخلاقی، سماجی، معاشی اور سیاسی اعتبار سے عرب معاشرہ انتہائی پس ماندہ تھا۔ ایسے ہی معاشرے میں محمد مصطفیٰﷺکی آمد ہوئی۔ آپؐ نے اسی معاشرے میں رہتے ہوئے اخلاقِ حسنہ کی وہ اعلیٰ مثال قائم کی کہ اہلِ مکہ نے آپ ﷺ کو صادق اور امین کے معزز القاب سے نوازا۔
    آپﷺکے اعلیٰ اخلاق و کردار کا معیار یہ تھا کہ اس ظالمانہ اور جاہلانہ نظام میں بھی آپﷺ غریبوں، یتیموں، بیواؤں، مسکینوں اور کمزور و ضعیف افراد کی مدد فرماتے، ان کی خیر و عافیت دریافت کرتے، ان کے مسائل حل کرنے میں مصروف رہتے اور ضرورت مندوں کی مالی معاونت بھی فرماتے تھے۔
    حضور نبی کریمﷺحُسنِ اخلاق کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز تھے۔ قرآنِ کریم نے پوری انسانیت کو یہ پیغام دیا: 
    لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ ۔(سورۃ الاحزاب، آیت نمبر 21) 
    ’’یقیناً تمھارے لیے رسول اللہﷺ کی ذات میں بہترین نمونہ عمل موجود ہے‘‘۔ 
    اللہ تعالیٰ نے حضورِ اقدسﷺ کی سیرتِ طیبہ اور آپؐ کی انسانیت سے محبت کے حوالے سے قرآنِ حکیم میں ارشاد فرمایا:  
    لَقَدْ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مِّنْ أَنفُسِكُمْ عَزِيزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِيصٌ عَلَيْكُم بِالْمُؤْمِنِينَ رَءُوفٌ رَّحِيمٌ ۔ (سورۃ التوبہ، آیت نمبر 128)
    ’’بے شک تمھارے پاس تم ہی میں سے ایک رسول تشریف لائے، تمھاری تکلیف ان پر گراں گزرتی ہے، وہ تمھاری بھلائی کے بہت خواہش مند ہیں، اور ایمان والوں کے لیے نہایت شفیق، بے حد مہربان ہیں‘‘۔ 
    آپﷺ کا حُسنِ اخلاق کسی ایک طبقے، گروہ یا جماعت تک محدود نہیں تھا، بلکہ تمام انسانوں کے لیے تھا۔ آپﷺ اپنے مخالفین اور دشمنوں کے ساتھ بھی اخلاق، عفو و درگزر، رحم و شفقت اور عدل کا معاملہ فرماتے تھے۔ اگرچہ رشتہ داری، تعلق اور حالات کے اعتبار سے برتاؤ میں معمولی فرق ہوسکتا ہے، لیکن آپ ﷺکے اصولِ اخلاق میں کسی کے لیے بنیادی امتیاز نہیں تھا۔ حضورِاکرمﷺکا ارشادِ مبارک ہے: 
    إِنَّمَا بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْأَخْلَاقِ ۔ 
     ’’بے شک مجھے مکارمِ اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث کیا گیا ہے‘‘۔ 
    اللہ ربّ العزت نے اپنی اطاعت و محبت کو حضور نبی کریمﷺ کی اطاعت و محبت کے ساتھ مربوط فرمایا ہے۔
    1۔ سورۃ آلِ عمران، آیت نمبر 31 میں ہے  قُلْ إِن كُنتُمْ تحبونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ،’’کہہ دیجیے! اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا“۔ حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے جو پیغام ہمیں پہنچایا، اس پر صرف زبانی اقرار کافی نہیں، بلکہ اس پر خود عمل کرنا اور اسے اپنی اجتماعی و معاشرتی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرنا بھی ضروری ہے۔  حضورِ اقدسﷺ نے ارشاد فرمایا: 
    لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ  (صحیح بخاری، صحیح مسلم) 
    ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مؤمن نہیں ہوسکتا،جب تک میں اس کے نزدیک اس کے والد، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں‘‘۔ 
    2۔ سورۃ النساء، آیت نمبر 80 میں ارشاد ہے ؛ 
    مَّن يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللہ۔ 
    ”جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے درحقیقت اللہ کی اطاعت کی‘‘۔ 
    3۔ سورۃ الحشر، آیت نمبر 7 میں حکم ہے ؛ 
     وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانتَهُوا۔  
    ’’اور رسول تمھیں جو کچھ دیں، وہ لے لو اور جس چیز سے منع کریں، اس سے رک جاؤ‘‘۔ 
    4۔ سورۃ الاحزاب، آیت نمبر 36 میں فرمان    رب کریم ہے کہ ترجمہ (خلاصہ):’’کسی مؤمن مرد یا مؤمن عورت کے لیے یہ اختیار نہیں کہ جب اللہ اور اس کا رسول کسی معاملے کا فیصلہ فرما دیں تو پھر ان کے لیے اپنے معاملے میں کوئی اور اختیار باقی رہے“۔ 
    اسی طرح پورا قرآنِ حکیم ہمیں حضور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، آپ کے کردار اور حُسنِ اخلاق کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔ آپ ﷺکی سیرتِ مبارکہ میں حُسنِ اخلاق کی ایک عظیم مثال یہ ہے کہ آپ ﷺ نے اپنی پوری زندگی کسی انسان کو ناحق نقصان نہیں پہنچایا اور نہ ہی کسی کو بلاوَجہ تکلیف دی۔
    آپ ﷺکا اخلاق صرف اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کے لیے نہیں، بلکہ مخالفین، دشمنوں، کمزوروں، محتاجوں اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے رحمت، شفقت، عدل اور عفو و درگزر کا مظہر تھا۔ یہی وہ عظیم کردار ہے جس نے ایک جاہل اور منتشر معاشرے کو اخلاق، عدل، اخوت اور انسانیت کا ایسا درس دیا، جس کی مثال تاریخِ انسانی میں کم ہی ملتی ہے۔
    حُسنِ اخلاق کا یہ عالم تھا کہ اس کے نتیجے میں انسان دوستی کا جذبہ پیدا ہوا اور آپ ﷺتمام انسانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ انسان دوستی، خدا پرستی اور ایمان باللہ کا یہی جذبہ تھا جس نے رسولِ اکرمﷺ کو اپنے گھر کے آرام و آسائش کو قربان کرکے اہلِ مکہ کو راہِ راست پر لانے کے لیے بے تاب کر دیا تھا۔ گو آپ ﷺکو ہر نعمت میسر تھی اور ہر قسم کا اطمینان حاصل تھا، لیکن دوسروں کا دکھ، ان کی بے بسی اور ان کی گمراہی آپﷺ کو بے چین کیے رکھتی تھی۔ چناں چہ آپؐ مکہ مکرمہ میں لوگوں کو اللہ تعالیٰ کا پیغام اور حق کی دعوت پہنچاتے پھرتے تھے۔ آپ ﷺ طائف تشریف لے گئے اور وہاں کے لوگوں کو بھی حق کی دعوت دی۔ سختیاں پیش آئیں تو صبر فرمایا، جن لوگوں نے آپﷺ کو تکلیفیں پہنچائیں، ان کے لیے بھی بد دعا نہیں کی، بلکہ ان کی ہدایت اور بھلائی کے لیے دعا فرمائی۔
    اگر سماج میں حقیقی تبدیلی پیدا کرنی ہے تو اخلاقِ محمد ﷺ کو اپنانا ہوگا، کیوں کہ دنیا صرف طاقت سے نہیں، بلکہ حُسنِ اخلاق سے جیتی جاتی ہے۔ حضورِ اکرم ﷺکا وجودِ مبارک دنیا کے لیے ایسا اعجاز ہے، جس کی نظیر پیش کرنے سے آپ ﷺسے قبل اور بعد کے اوراقِ تاریخ قطعاً خالی ہیں۔
    آپﷺکی سیرتِ طیبہ سے ہمیں جدوجہد، استقامت اور اپنے مقصد کے لیے مسلسل کوشش کا سبق ملتا ہے۔ جیسا کہ حضرت مولانا عبیداللہ سندھی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں’’میں نے زندگی میں عقیدہ اور عقیدے کو عملی شکل دینے کے لیے جدوجہد کرنے کا یہ سبق قرآنِ حکیم سے سیکھا۔ اس سبق کا عملی نمونہ مجھے رسولِ مقبول ﷺاور آپﷺکے صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی زندگیوں میں بدرجۂ اتم نظر آیا۔ (شعور و آگہی، صفحہ نمبر 101 تا 102)
    کہنے کا مقصد و مطلب یہ ہے کہ زندگی کے ہر موڑ پر ہمارے لیے حضورِ اقدس ﷺکا حُسنِ اخلاق بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ آپﷺکی سیرتِ طیبہ ہمیں صرف اخلاق و کردار کا درس ہی نہیں دیتی، بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں عملی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
    سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں یہ بھی سبق دیتی ہے کہ ظلم و ناانصافی پر مبنی معاشرے کو عدل، انصاف، اخوت اور انسانیت کے اصولوں پر کیسے استوار کیا جا سکتا ہے۔ آپؐ نے اپنے اصحابِ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تربیت فرمائی اور ایک ایسی جماعت تیار کی جس نے اُس دور کی بڑی سلطنتوں، قیصر و کسریٰ کے مقابلے میں اسلام کا پیغام پہنچایا اور وسیع علاقوں میں اسلامی نظامِ عدل و حکومت کے قیام کی بنیاد رکھی۔یہی سیرتِ طیبہ کا وہ عظیم پیغام ہے کہ تبدیلی محض خواہش سے نہیں آتی؛ اس کے لیے ایمان، کردار، مسلسل جدوجہد، صبر، قربانی اور ایک صالح جماعت کی ضرورت ہوتی ہے۔ حضور نبی کریمﷺ کی زندگی ہمارے لیے اسی جدوجہد کا کامل اور عملی نمونہ ہے۔
    Share via Whatsapp