استحصال: ماضی کا داغ، حال کا زخم - بصیرت افروز
×



  • قرآنیات

  • مرکزی صفحہ

  • سیرۃ النبی

  • تاریخ

  • فکرو فلسفہ

  • سیاسیات

  • معاشیات

  • سماجیات

  • اخلاقیات

  • ادبیات

  • سرگزشت جہاں

  • شخصیات

  • اقتباسات

  • منتخب تحاریر

  • مہمان کالمز

  • تبصرہ کتب

  • استحصال: ماضی کا داغ، حال کا زخم

    وہ عمل ہے جس کے ذریعے طاقتور طبقات اور قومیں کمزور انسانوں اور معاشروں کی محنت، وسائل اور امکانات پر قابض ہو جاتی ہیں۔۔

    By Asghar Surani Published on Mar 28, 2026 Views 178

    استحصال: ماضی کا داغ، حال کا زخم

    تحریر: محمد اصغر خان سورانی۔ بنوں 


    کیا دنیا کے امیر اور غریب ملکوں کے درمیان فرق محض تقدیر کا کھیل ہے، یا اس کے پیچھے کوئی منظم تاریخی عمل کارفرما ہے؟ جب ہم تاریخ کے اوراق پلٹتے ہیں تو ایک تلخ حقیقت بار بار سامنے آتی ہے۔ ”استحصال“ یہی وہ عمل ہے، جس کے ذریعے طاقت ور طبقات اور قومیں کمزور انسانوں اور معاشروں کی محنت، وسائل اور امکانات پر قابض ہوجاتی ہیں۔ یہ صرف معاشی مسئلہ نہیں، بلکہ اخلاقی، سماجی اور تہذیبی بحران بھی ہے، جس کے اَثرات نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں۔

    ”استحصال “کو اگر گہرائی سے سمجھا جائے تو یہ محض کم اجرت یا وسائل کی لوٹ کا نام نہیں، بلکہ انسان کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو مفلوج کرنے کا منظم طریقہ ہے۔ ماہرینِ سیاسیات اور انسانی حقوق کے مفکرین کے مطابق جب کسی فرد کو اس کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا جائے تو وہ اپنی ظاہری اور باطنی قوتوں سے محروم ہو کر نہ صرف اپنی ذاتی زندگی، بلکہ اجتماعی سطح پر بھی تعمیری کردار ادا کرنے کے قابل نہیں رہتا۔ ایسے حالات میں معاشی اور سماجی جبر اس کی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے۔ نتیجتاً وہ ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے کی ہمت کھو دیتا ہے، احساسِ محرومی میں مبتلا ہوجاتا ہے اور رفتہ رفتہ سماجی ترقی کی رفتار بھی سست پڑ جاتی ہے۔ جب یہی کیفیت اجتماعی شکل اختیار کر لے تو پوری قوم کے مقدر میں غلامی، جہالت، بے شعوری، غربت و افلاس، معاشرتی ناہمواری اور اخلاقی بگاڑ جیسے مسائل جڑ پکڑ لیتے ہیں۔ اسی لیے کہا جا سکتا ہے کہ منظم طاقت اور نظام کے ذریعے افراد یا اقوام کو انسانی حقوق سے محروم کر کے انھیں مصائب میں مبتلا کر دینا ہی دراصل استحصال ہے۔ اور یہ استحصال انسان کو ان کے اشرف المخلوقات کے درجے سے گِرا کر حیوانوں کی زندگی گزارنے پر مجبور کرتا ہے۔

    تاریخ گواہ ہے کہ استحصال مختلف ادوار میں مختلف شکلیں اختیار کرتا رہا ہے۔ ابتدا میں یہ اِنفرادی غلامی کی صورت میں ظاہر ہوا، جہاں ایک طاقت ور فرد کمزور انسان سے جبری مشقت لیتا تھا۔ گھریلو غلامی اور بیگار اس کی نمایاں مثالیں ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ عمل اجتماعی غلامی میں ڈھل گیا، جب طاقت ور طبقات نے پورے معاشرے کو معاشی اور سیاسی طور پر محتاج بنا لیا۔ ایسے معاشروں کے لوگ بہ ظاہر آزاد ہوتے ہیں، مگر عملی طور پر محکومی کی زنجیروں میں جکڑے رہتے ہیں۔

    صنعتی انقلاب کے بعد استحصال نے زیادہ منظم اور عالمی صورت اختیار کی اور نوآبادیاتی نظام وجود میں آیا۔ یورپی طاقتوں نے ایشیا، افریقا اور لاطینی امریکا پر قبضے کر کے مقامی وسائل، خام مال اور انسانی محنت کو بے دریغ استعمال کیا۔ برصغیر اس کی نمایاں مثال ہے، جہاں سیاسی اقتدار کے ساتھ ساتھ پورا معاشی ڈھانچہ تبدیل کر دیا گیا۔ نوآبادیاتی معیشت کا بنیادی مقصد مقامی خوش حالی نہیں، بلکہ سامراجی منافع تھا۔ زراعت کو خام مال کی پیداوار تک محدود کیا گیا، مقامی صنعتوں کو دانستہ کمزور کیا گیا اور برصغیر کو ایک صارف منڈی میں تبدیل کر دیا گیا—خام مال یہاں سے جاتا اور تیار مال واپس آتا، جب کہ اصل منافع یورپ منتقل ہو جاتا۔ 16ویں سے 19ویں صدی کے درمیان افریقا سے لاکھوں انسانوں کو غلام بنا کر یورپ اور امریکا منتقل کیا گیا۔ ترقی یافتہ ممالک آج بھی ترقی پذیر ممالک سے تقریباً $30 ملین فی گھنٹہ دولت نکال رہے ہیں۔ یہ غیرمنصفانہ تجارتی معاہدوں، سود پر قرض اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی وَجہ سے ہورہا ہے۔ 1750ء میں دنیا کی کل صنعتی پیداوار میں ہندوستان کا حصہ 25 فی صد تھا اور 1900ء میں یہ محض 2فی صد رہ گیا۔

    اسی تناظر میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا کردار انتہائی اہم اور عبرت آموز ہے۔ ایسٹ انڈیا کمپنی ابتدا میں ایک تجارتی ادارہ تھی، مگر جلد ہی اس نے فوج، ٹیکس نظام اور عدالتیں قائم کر کے ایک متوازی ریاست بنا لی۔ کمپنی نے مقامی حکمرانوں کو قرض، معاہدوں اور فوجی دَباؤ کے ذریعے کمزور کیا۔ کمپنی کا اصل مقصد ”امن و ترقی“ نہیں، بلکہ محصول اور منافع تھا۔ کسانوں سے بھاری لگان وصول کیا گیا، جس نے دیہی معیشت کو توڑ دیا۔ جب حکومت منافع کے اصول پر چلے تو رعایا شہری نہیں بلکہ ”آمدنی کا ذریعہ“ بن جاتی ہے۔ 

    بنگال کبھی برصغیر کا خوش حال ترین خطہ سمجھا جاتا تھا، مگر نوآبادیاتی مالیاتی نظام نے اسے تباہ کر دیا۔ بھاری ٹیکس، اناج کی برآمد اور ذخیرہ اندوزی نے خوراک کی قلت پیدا کی۔ قحط قدرتی نہیں تھا، انتظامی ترجیحات کا نتیجہ تھا۔ انگریز مؤرخین خود اس سانحے کو سامراجی بے حسی کی علامت قرار دیتے ہیں۔ منافع کی حفاظت انسانوں کی جان سے زیادہ اہم سمجھی گئی۔ لاکھوں لوگ مر گئے، مگر برآمد جاری رہی۔ 

    برطانوی اقتدار کے بعد برصغیر کی معیشت کا بنیادی ڈھانچہ بدل دیا گیا۔ مقامی پیداوار کو ختم کر کے زراعت کو خام مال تک محدود کیا گیا۔ کپاس، تیل اور اناج ایسی فصلیں بن گئیں جو مقامی ضروریات سے زیادہ برطانوی صنعتوں کے لیے اگائی جاتی تھیں۔ ہندوستان کو ایک صارف منڈی میں بدل دیا گیا—خام مال یہاں سے جاتا، تیار مال واپس آتا اور منافع لندن پہنچتا۔ یہ استحصال صرف تجارت نہیں تھا، بلکہ معاشی خودمختاری کی منظم تباہی تھی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ خودکفیل معیشت درآمدی معیشت میں بدل گئی، لاکھوں ہنرمند بے روزگار ہوئے اور ایک تہذیبی ورثہ زوال کا شکار ہو گیا۔

    استحصال کی مقامی شکلوں میں جاگیردارانہ نظام بھی کم تباہ کن نہیں رہا۔ اس ڈھانچے میں زمین چند ہاتھوں میں مرتکز رہی، کسان معاشی غلامی کا شکار رہا، سماجی نقل و حرکت محدود ہوئی اور سیاسی طاقت جاگیردار کے گرد سمٹتی چلی گئی۔ برطانیہ نے اپنے ہاں جاگیرداری نظام ختم کیا، لیکن برصغیر پاک و ہند میں نوآبادیاتی نظام کے ذریعے جاگیرداری کو مضبوط کیا۔ بڑے زمین دار ریاست کے مالیاتی ایجنٹ بن گئے۔ کسان زمین پر کام کرتے رہے، مگر ملکیت اور اختیار جاگیردار کے پاس رہا۔ یہ ڈھانچہ آزادی کے بعد بھی پوری طرح ختم نہ ہوسکا۔ نتیجہ؛ غربت کا نسلی تسلسل۔ کسان محنت کرتا ہے، مگر خوش حالی اس کے حصے میں نہیں آتی۔

    تاریخ کا ایک تلخ پہلو یہ بھی ہے کہ بعض ادوار میں مذہب کو بھی استحصالی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ حال آں کہ مذہب کی اصل روح عدل، مساوات اور خدمتِ خلق ہے، مگر جب حقیقی تعلیمات کو مسخ کر کے طبقاتی نظام کو تقدس کا لبادہ پہنایا گیا تو عوام کو جہالت میں رکھا گیا اور جبریت کو تقویت ملی۔ اس کے نتیجے میں معاشرتی تفرقہ بڑھا اور انسانی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی۔

    ہمیں اپنے ملک کی طرف بھی نظر ڈالنی چاہیے۔ پاکستان میں استحصال کی کئی شکلیں آج بھی موجود ہیں۔ ہزاروں کسان آج بھی جاگیرداری نظام کے تحت مجبور ہیں۔ وہ اپنی محنت کرتے ہیں، لیکن زمین جاگیردار کی ہے۔ سود، لگان اور بے حساب ٹیکس کے سبب وہ غربت کے چکر سے نہیں نکل سکتے۔ ایسی حالت میں ان کے بچے بھی تعلیم سے محروم رہتے ہیں۔ یہ برطانوی دور کا وہی استحصال ہے، بس نام بدل گیا ہے۔

    جب استحصال دہائیوں نہیں، بلکہ صدیوں تک جاری رہے تو اس کے اَثرات پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ غربت پھیلتی ہے، تعلیم کمزور ہوتی ہے، صحت کا نظام متاثر ہوتا ہے، جرائم بڑھتے ہیں اور سیاسی بے چینی جنم لیتی ہے۔ یہ وہ تاریخی زخم ہیں جن کے اَثرات آج بھی ہمارے سماجی ڈھانچے میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم مایوسی اس مسئلے کا حل نہیں۔ تو اَب سوال یہ ہے کہ کیا یہ استحصالی نظام بہتر ہو سکتا ہے؟ جی، بہتر ہوسکتا ہے اگر ہم وہ طریقہ کار اپنائیں جو انبیائے کرام علیہم السلام اور حضرت محمد ﷺ نے اپنایا تھا۔ وہ بہت ہی سادہ اور قابل عمل ہے۔ استحصالی نظریہ کے برعکس، ایک عادلانہ نظام کے لیے اعلیٰ نظریہ پر ایک جماعت قائم کریں اور اس جماعت کی تربیت انھی اصولوں پر کریں جن پر نبی کریم ﷺ نے کی تھی۔ جب کسی جماعت میں یہ قوت بن جائے تو پورے نظام کو تبدیل کرنا ہوگا۔ تب جا کر یہ استحصالی ہتھکنڈے بند ہو سکتے ہیں۔ پھر معاشی اِصلاحات ممکن ہیں — منصفانہ اجرت، مضبوط لیبر قوانین، تعلیم تک مساوی رسائی، وسائل کی منصفانہ تقسیم، جاگیرداری ذہنیت کا خاتمہ اور شفاف حکمرانی۔ یہ اقدامات معاشرے کو توازن دے سکتے ہیں۔

    استحصال ماضی کا قصہ نہیں، بلکہ حال کی زندہ حقیقت ہے۔ اگر ہم نے تاریخ سے سبق نہ سیکھا تو یہ عمل نئی شکلوں میں خود کو دہراتا رہے گا۔ ہر معاشرہ اسی وقت بدلتا ہے جب وہ فیصلہ کرتا ہے کہ ترقی چند ہاتھوں میں نہیں، بلکہ سب کے لیے ہوگی۔ انصاف ہی دراصل پائیدار ترقی کی بنیاد ہے—اور یہی وہ راستہ ہے جو ماضی کے داغ اور حال کے دونوں زخموں کو بھر سکتا ہے۔

    Share via Whatsapp